ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور ساؤتھ میں تیجسوینی کی جگہ ایک ناتجربے کار بی جے پی امیدوار، پارٹی میں زبردست بغاوت، بیشتر اراکین اسمبلی ناراض

بنگلور ساؤتھ میں تیجسوینی کی جگہ ایک ناتجربے کار بی جے پی امیدوار، پارٹی میں زبردست بغاوت، بیشتر اراکین اسمبلی ناراض

Tue, 26 Mar 2019 22:55:51    S.O. News Service

بنگلورو26؍مارچ(ایس او نیوز) بنگلور ساؤتھ پارلیمانی حلقے سے مرکزی وزیر آنجہانی اننت کمار کی بیوہ تیجسوینی اننت کمار کو ٹکٹ دینے سے بی جے پی قیادت کا انکار اور ان کی جگہ کٹر فرقہ پرست ذہنیت کے حامل نوجوان تیجسوی سوریہ کو میدان میں اتارنے کے لئے آر ایس ایس کی ایماء پر بی جے پی قیادت نے جو فیصلہ کیا ہے وہ بنگلور میں مقامی اور ریاستی سطح پر بی جے پی میں بہت بڑے انتشار کا سبب بنا ہوا ہے۔ خود ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے بنگلور ساؤتھ پارلیمانی حلقے سے تیجسوینی اننت کمار کی جگہ بی جے پی آئی ٹی شعبے سے وابستہ تیجسوی سوریہ کو ٹکٹ دینے پر نہ صرف حیرت کا اظہار کیا بلکہ تیجسوینی اننت کمار کو ٹکٹ نہ ملنے پر اپنی بے بسی بھی ظاہر کی۔

بتایاجاتاہے کہ تیجسوینی اننت کمار کو کسی بھی حال میں ٹکٹ نہ ملے یہ یقینی بنانے میں آر ایس ایس سے وابستہ کچھ بی جے پی رہنماؤں نے منظم سازش رچی اور اس میں کامیاب بھی ہوگئے۔ آج جب بنگلور ساؤتھ حلقے سے تیجسوی سوریہ نے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیاتو ان کا ساتھ دینے کے لئے کئی سرکردہ بی جے پی لیڈر موجود نہیں تھے۔ان میں سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک ، گووند راج نگر کے رکن اسمبلی اور سینئر بی جے پی لیڈروی سومنا ، چک پیٹ کے رکن اسمبلی ادے گروڈا چار، بمن ہلی کے رکن اسمبلی ستیش ریڈی اور دیگر غیر حاضر رہے، اور انہوں نے تیجسوینی اننت کمار کی جگہ ایک ناتجربے کار کو میدان میں اتارنے پر اپنا احتجاج غیر حاضر ی کے ذریعے درج کروایا۔ بتایاجاتاہے کہ آر اشوک اور سومنا نے اس حلقے سے تیجسوینی اننت کمار کو ٹکٹ دلانے کی بہت کوشش کی اور کہاتھاکہ اس حلقے میں اننت کمار کی پچھلی چھ میعادوں سے جیت کے سلسلے کواگر برقرار رکھنا ہے تو تیجسوینی اننت کمار کو ٹکٹ دینا ناگزیر ہوگا۔

لیکن پارٹی نے ان دونوں تجربے کار رہنماؤں کے مشوروں کو مسترد کردیااور آر ایس ایس کی ہدایت کے مطابق تیجسوی سوریہ کو میدان میں اتارا۔ جیسے ہی تیجسوی سوریہ کا نام بنگلور ساؤتھ کے امیدوار کے طور پر منظور کیا گیا تو حلقے کے بیشتر بی جے پی اراکین اسمبلی نے اپنے داخلی حلقوں میں برہمی ظاہر کی ۔یہاں تک کہ تیجسوی سوریہ جب پرچۂ نامزدگی داخل کرنے پہنچے تو بعض بی جے پی کارکنوں کوتیجسوی واپس جاؤ کے نعرے لگاتے ہوئے سناگیا۔ کہاجارہاہے کہ بعض بی جے پی لیڈروں نے طے کیا ہے کہ وہ تیجسوی سوریہ کے حق میں انتخابی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے۔ تیجسوی سوریہ کے ساتھ نامزدگی کے اندراج کے لئے حاضر رہنے کی بجائے آر اشوک بنگلور رورل کے بی جے پی امیدوار اشوتھ نارائن کے ساتھ رہے۔ اس دوران ٹکٹ نہ دئے جانے پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے تیجسوینی اننت کمار نے کہاکہ ان کے لئے پارٹی نہیں ملک مقدم ہے۔ ملک کے لئے وہ اپنے فاؤنڈیشن کے ذریعے جوخدمات جاری رکھیں گی۔ پارٹی نے اگر ان کی خدمات کو تسلیم نہیں کیا تو اس کا انہیں کوئی رنج نہیں ہے۔ 


Share: